
خرطوم۔7اگست (اے پی پی):سوڈان میں موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں اموات کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ۔ اے ایف پی کے مطابق ریاست ریور نائل سٹیٹ کے ایک چھوٹے قصبے ابو حماد کے ہسپتال کے ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں اموات کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم اور لوگ کھلے آسمان تلے رات گزار رہے ہیں، مزید بارش کا خدشہ ہے۔
ریاست کے بنیادی ڈھانچے کے وزیر سمیر سعد نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ تقریباً 11 ہزار 500 گھر پہلے ہی منہدم ہو چکے اور کم از کم 170 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ سوڈان میں ہر سال اگست میں دریائے نیل میں طوفانی بارشوں کے باعث گھر اور بنیادی ڈھانچے تباہ ہو جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے براہ راست اور بالواسطہ طور پر انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔