سوڈان سے مزید 200 پاکستانیوں کا قافلہ بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

56
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سوڈان سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے پروگرام کے تحت مزید 200 پاکستانیوں کا قافلہ بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گیا ہے۔

بدھ کو ایک ٹویٹ میں ترجمان نے کہا کہ سوڈان سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کا منصوبہ جاری ہے، اس سلسلے میں سوڈان میں پاکستان کا سفارتخانہ پورٹ سوڈان میں پہنچنے والے 200 پاکستانیوں کے قیام اور سوڈان سے ان کی حتمی وطن واپسی کے انتظامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس سے قبل پورٹ سوڈان سے 37 پاکستانی شہریوں کو بحری جہاز کے ذریعے جدہ پہنچایا گیا تھا۔ جدہ میں قونصل جنرل خالد مجید نے پاکستانی شہریوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہم سوڈان سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے سلسلے میں سعودی عرب کے تعاون اور مہمان نوازی کے لئے شکر گزار ہیں۔