سوڈان میں خوراک و ایندھن کی قلت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ

97
اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔26اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نے سوڈان میں خوراک، پانی، ادویات اور ایندھن کی قلت سے متعلق خبردار کر دیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے ماتحت پناہ گزینوں کی ہائی کمشنری کی ترجمان نے کہا کہ20 ہزارسوڈانی ملک چھوڑ کر چاڈ چلے گئے ہیں جبکہ جنوبی سوڈان سے تقریباً 4ہزار پناہ گزین اپنے وطن واپس آئے ہیں۔

ہائی کمشنری کی ترجمان نے جنیوا میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ لڑائی کے نتیجے میں اندرون و بیرون ملک نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ آفس کے ترجمان نے توجہ دلائی کہ خوراک، پانی، ادویات، ایندھن، بجلی اور رابطہ میں شدید قلت کا سامنا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ حالیہ عسکری سرگرمیوں سے قبل سوڈان میں انسانی ضروریات میں ریکارڈ اضافہ رپورٹ ہوا تھا، تقریبا 15.8 ملین افراد کو بنیادی اشیا درکار تھیں۔ یہ تعداد ملک کی ایک تہائی آبادی کے برابر ہے۔