سویلین ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، سواں گارڈنز کی انتظامی کمیٹی نے رہائشوں کی سہولت کیلئے کورونا وائرس ہیلپ ڈیسک قائم کردیا

89

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) سویلین ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، سواں گارڈنز کی انتظامی کمیٹی نے رہائشوں کی سہولت کیلئے کورونا وائرس ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے جس کا مقصد رہائشیوں میں کورونا کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنا اور انہیں اس مرض سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل محمد منشا ساہی نے بتایا کہ ہیلپ ڈیسک سوسائٹی کے اندر کورونا کی روک تھام کیلئے درکار ضروری اقدامات کرے گا اور اس حوالہ سے صورتحال کی نگرانی کرے گا۔ یہ ڈیسک 24 گھنٹے کام کرے گا اور رہائشیوں کو ان کی دہلیز پر ضروری مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سینیٹائزر، پرسنل پروٹیکٹو سوٹس، ماسکس، گلوز سمیت ضروری سامان کمیٹی کے متعلقہ سٹاف کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے، صورتحال کی کڑی نگرانی کرے اور آمدورفت پر نظر رکھے، ملازمین کو بھی ضروری سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ منشا ساہی نے کہا کہ سوسائٹی کے رہائشیوں کا تحفظ اور کورونا سے بچاؤ کے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر سوسائٹی الیاس خان نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں اور رہائشیوں میں اس حوالہ سے آگاہی بھی پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضروری عملہ کے سوا سٹاف کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے اور اس وقت صرف نہایت ضروری عملہ کام کر رہا ہے۔ سوسائٹی کی انتظامیہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات اور پولیس کے ساتھ مل کر ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ گھروں میں کام کرنے والے افراد اور ورکرز کے حوالے سے بھی حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔