27.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںسویٹ ہومز کے 6 ہزار طلبا و طالبات...

سویٹ ہومز کے 6 ہزار طلبا و طالبات کو مفت تعلیم کا دائرہ کار گریجویشن تک بڑھا دیا گیا ، بچے وفاقی اورصوبائی اداروں میں بہترین ملازمتیں حاصل کر سکیں گے، ایم ڈی بیت المال

- Advertisement -

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی): پاکستان بیت المال نے پاکستان سویٹ ہومز میں زیر تعلیم یتیم اور بے سہارا 6 ہزار سے زائد طلبا و طالبات کو گریجویشن تک مفت تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے ، گریجویشن کے بعد بچے سی ایس ایس سمیت اعلی معیار کے امتحانات ، وفاقی ،صوبائی اور خودمختار اداروں میں ملازمت کے بہترین مواقع سے استفادہ کر سکیں گے،

یہ پاکستان بیت المال کی تاریخ میں اس نوعیت کا پہلا فیصلہ ہے ۔ اس حوالےسے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک عامر فدا پراچہ نے”اے پی پی” سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان بیت المال کے ملک کے مختلف حصوں میں 51 سویٹ ہوم ہیں جن میں اسلام آباد اور آزاد کشمیر ریجن میں 11 سویٹ ہومز، لاہور میں 9 ، ملتان میں 5 ، گلگت بلتستان میں 3 ، سندھ میں 11 ، خیبر پختونخوا میں 8 اور بلوچستان کے 4 سویٹ ہومز شامل ہیں۔

- Advertisement -

زیر تعلیم بچوں کو پہلے میٹرک تک مفت تعلیم ، معیاری رہائش ، خوراک ، یونیفارم ، کتابیں ، میڈیکل کی سہولت ، سکل ڈویلپمنٹ ، فری لانڈری سروس ، مذہبی تعلیم ، کونسلنگ دی جاتی ہے تاہم جب ہم نے جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ میٹرک کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بچے واپس گھروں میں جانے کے بعد تعلیم جاری رکھنے کی بجائے مختلف کاموں میں لگ جاتے تھے۔

پاکستان بیت المال کی 10 سال کی محنت رائیگاں ہونے کے ساتھ ساتھ ان بچوں کا مستقبل بھی تاریک ہورہا تھا ۔ ان چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان بیت المال نے فیصلہ کیا ہے کہ اب پاکستان بیت المال کے سویٹ ہومز میں زیر تعلیم بچوں کو ملک کے بڑے تعلیمی اداروں سے انٹرمیڈیٹ اور بہترین یونیورسٹیوں سے گریجویشن کرائی جائے اس کے تمام اخراجات پاکستان بیت المال خود برداشت کرے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ گریجویشن کرنے کے بعد ہمارے بچے مقابلے کے امتحانی سی ایس ایس میں حصہ لینے کے علاوہ فیڈرل اور صوبائی پبلک سروس کمیشنز کے ذریعے وفاقی ، صوبائی اداروں میں بہترین ملازمتیں حاصل کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یتیم اور بے سہارا بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ انھیں قومی دھارے میں لانا ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402633

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں