ملتان ۔ 29 جنوری (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، ایم ڈی اے کالونیوں کے حوالے سے سخت ایس او پیز اپنائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی اے میونسپل کارپوریشن کی حدود تعین بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور کمرشلائزیشن کے خلاف ایکشن کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ بوگس ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے،گزشتہ سالوں میں متعدد غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں نے جنم لیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماسٹر پلان کے مطابق ہی شہر کے انفراسٹرکچر کو بڑھایا جائے گا۔انہوں نے ایم ڈی اے، میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کوفوری اقدامات کی ہدایت کی۔ایم ڈی اے، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے حکام نے بریفنگ دی۔کمشنرملتان نے مزید کہا کہ سائٹ ڈویلپمنٹ زونرز مختص کر کے زراعت و باغات کا تحفظ کیا جائے گا ،باغوں اور زرعی علاقوں کے تحفظ کیلئے بوگس کمرشل سرگرمیوں کو روکا جائے اور آبادی کے لحاظ سے سروسز اور کمرشل سہولیات کا طریقہ کار طے کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں بغیر نقشہ کمرشل عمارات کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ماسٹر پلان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم، سی ای او کارپوریشن اقبال خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ابو بکر اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔