سرگودہا۔1جون (اے پی پی):سپریم کونسل آف سٹون کرشرمارکیٹ سرگودہا کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی ذوالفقار علی بھٹی کی قیادت میں چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا ڈاکٹر فہیم محمد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سپریم کونسل سٹون کرشر مارکیٹ سرگودھا نے ایف بی آر سرگودھا کی طرف سے سیکشن40Bکی مشق سے اکٹھے کئے گئے اعداد و شمار پر اعتراضات اْٹھائے جس پر چیف کمشنر نے سپریم کونسل کے عہدیداروں کو ان اعدادوشمار کی درستگی کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
جنرل سیکریٹری سپریم کونسل سٹون کرشر مارکیٹ سرگودھا رانا محمد ارشاد خان نے چیف کمشنر سے درخواست کی کہ اعدادوشمار کے حوالہ سے تفصیلی جواب کے لئے 03جون2024تک وقت دیا جائے اور ان اعدادوشمار کے مطابق جاری کردہ نوٹسز کو ایک ہفتہ کے لئے مؤخر کیا جائے۔ ایم این اے ذوالفقار علی بھٹی کی پر زور سفارش کرنے پر طے پایا کہ 03جون کو اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز سے ایک تفصیلی میٹنگ کی جائے اور ٹیکس جمع کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی طے کی جائے گی۔
چیف کمشنر ڈاکٹر فہیم محمد نے محمد عابد کمشنر زون1-اور یونٹ آفیسر چوہدری محمد نعیم احمد کی موجودگی میں سپریم کونسل سٹون کرشر مارکیٹ سرگودھا کے مطالبہ اور ٹیکس معاملات و مسائل کے بہترین حل کے لئے کاوش کو قبول کرتے ہوئے ایف بی آر سرگودھا کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی جس پر ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور سپریم کونسل کے عہدیداروں نے چیف کمشنر کی طرف سے سٹون کرشر سیکٹر کے ٹیکس مسائل کے جائز اور انصاف پر مبنی حل کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔