سٹیم نمائش کے منتخب پراجیکٹس کے حامل1100 طلبا کو لیپ ٹاپ دیں گے،رانا سکندر حیات

156

لاہور۔11فروری (اے پی پی):محکمہ تعلیم پنجاب کے زیر اہتمام اسٹیم ایجوکیشن پر مشتمل ماڈلز کی نمائش کے حوالے سے”جشن سٹیم” کا شاندار انعقاد کیا گیا۔

فارن،کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس،گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن اور یونیسیف کے اشتراک سے منعقدہ جشن سٹیم کیلئے پنجاب بھر سے2 لاکھ 75 ہزار میں سے منتخب1100 سے زائد ونرز شریک ہوئے۔سٹیم مقابلوں میں14000 سے زائد اساتذہ نے بھی حصہ لیا۔جشن سٹیم سائنسی،انجینرنگ،ریاضیاتی اور آرٹس و ڈیزائن کی تخلیقات پر مشتمل تھا جس میں110 منتخب ماڈلز نمائش کیلئے پیش کئے گئے جبکہ کیش پرائز کیلئے7 ماڈلز شارٹ لسٹ ہوئے۔

جیتنے والے طلبا میں14 لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے "جشن سٹیم” کا دورہ کیا اور طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تمام1100 طلبا کو لیپ ٹاپ بھی دینے کی خوشخبری سنائی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ لیپ ٹاپ ملنے سے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں مزید جدت آئے گی اور ان میں تحقیقی ذوق پروان چڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کی صلاحیتوں کی پرورش کیلئے پبلک سکولوں میں سائنس و آئی ٹی لیبز اپ گریڈ کرنے کے علاوہ جدید سہولیات سے بھی آراستہ کر رہے ہیں۔اسی طرح عصر حاضر کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے پبلک سکولوں میں سپوکن انگلش کی کلاسز کا بھی جلد آغاز ہونے جا رہا ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ جشن سٹیم کے انعقاد کا مقصد طلبا میں سائنسی جدت کا فروغ ہے۔سٹیم ایجوکیشن جدید دور کے مقابلے کیلئے ناگزیر ہو چکی ہے۔طلبا کے والدین اور عزیز و اقارب نے بھی سٹیم نمائش کا دورہ کیا اور ان کی تخلیقی کاوش کو سراہا۔جشن سٹیم کے موقع پر طلبا میں کیش پرائز کے علاوہ تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔جشن سٹیم میں پنجاب کے تمام اضلاع سے طلبا شریک ہوئے۔