سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر انتظام متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے منصوبوں کے لئے قرضوں کی فراہمی اور اس کی اہمیت کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع

134

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر انتظام متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے منصوبوں کے لئے قرضوں کی فراہمی اور اس کی اہمیت کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جبکہ مرکزی بینک جرمنی کے ترقیاتی شراکت دار جی آئی زیڈ کے ساتھ ملکر متبادل ذرائع سے توانائی کے پیداواری منصوبوں کے قیام اور بجلی کی بچت کے پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے۔ متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور توانائی کی قلت کے مسئلہ کے خاتمہ کے لئے سٹیٹ بینک نے اپنی پالیسی کے تحت ”گرین بینکنگ سسٹم“ قائم کیا ہے۔ جس کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان ملک کی اقتصادی شرح نمو میں اضافہ کے لئے اقدامات کررہا ہے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ‘ رہائشی سہولتوں کی فراہمی اور چھوٹے درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں تک رسائی کے لئے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔