کراچی۔3جولائی (اے پی پی):سٹیٹ بینک نے اپنے اہم پالیسی اقدامات میں شفافیت لانے کے عزم کے تحت ہفتہ سے روشن ڈجیٹل اکانٹ (آر ڈی اے)کی پیش رفت کے بارے میں باقاعدگی سے اعدادوشمار جاری کرنے شروع کردیے ہیں۔ آر ڈی اے میں شامل بینکوں کی انفرادی رپورٹوں پر مبنی اعدادوشمار یکجا کرکے ایک نئے ویب پیج https://www.sbp.org.pk/RDA/Progress.html پر عوام کو مہیا کردیے گئے ہیں۔ ماہانہ بنیاد پر اس ویب پیج کی تازہ کاری کی جاتی رہے گی۔ مارکیٹ کے شرکا نے بھی اس مدت وار اپ ڈیٹ کی درخواست کی تھی۔ 10 ستمبر 2020 کو وزیر اعظم پاکستان نے روشن ڈجیٹل اکانٹ کا افتتاح کیا تھا۔ تب سے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اس میں کافی دلچسپی کا اظہار ہوا ہے۔
آج جاری کردہ نئے ویب پیج کے مطابق آخر جون 2021 تک دنیا بھر میں 171 ممالک سے 181556 اکانٹس کھولے گئے ہیں اور 1.562 ارب ڈالر ان اکائونٹس میں جمع کرائے گئے ہیں۔ ویب پیج پر کھولے گئے اکائونٹس کی تعداد، ڈپازٹس اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (این پی سیز)اور اسٹاک مارکیٹ کا ماہانہ رجحان دکھایا گیا ہے۔ اعدادوشمار سے پچھلے چند ماہ کے دوران ان تمام پہلوں میں تیزی کا رجحان نظر آتا ہے۔ جون 2021 میں روشن ڈجیٹل اکانٹ کے آغاز سے اب تک ڈپازٹس کی بلند ترین رقم (310 ملین ڈالر)اور این پی سی کی بلند ترین ماہانہ سرمایہ کاریاں (233 ملین ڈالر)آئیں۔ آخر جون 2021 تک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 1050 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جس میں 621 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری روایتی این پی سیز اور 429 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری اسلامک این پی سیز میں کی گئی۔
روشن ڈجیٹل اکائونٹ اسٹیٹ بینک کا ایک تاریخی اقدام ہے جو بہت سہل انداز میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی مالی نظام اور معیشت سے جوڑتا ہے۔ پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مکمل طور پر ڈجیٹل طور پر پاکستان میں بینک اکائونٹ کھولنے کا موقع ملا ہے جس کے لیے کسی بینک برانچ یا سفارت خانے جانے کی ضرورت نہیں۔ اس اکائونٹ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان میں ہر قسم کی بینکاری لین دین کرسکتے ہیں جن میں اپنے خاندان کے اسکول اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی، فنڈ ٹرانسفر، ای کامرس، روشن اپنی کار کے ذریعے کار فنانسنگ اور روشن سماجی خدمت کے ذریعے فلاحی عطیات دینا شامل ہیں۔
ساتھ ہی یہ اکانٹ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں منفرد سرمایہ کاری مواقع فراہم کرتا ہے جس میں روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ دونوں شکلوں میں پرکشش منافعے دیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ آر ڈی اے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ اور رئیل اسٹیٹ میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ ٹیکس کے امور آسان ہیں، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اس اکانٹ کے ذریعے کی گئی سرمایہ کاریوں سے ہونے والی آمدنی پر پاکستان میں ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی شرط سے مستثنی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ اکانٹ مکمل طور پر قابل واپسی (repatriable) ہے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت میسر ہے کہ وہ کسی دشواری کے بغیر اپنے اکانٹ میں موجود رقم واپس اس ملک میں لے جاسکتے ہیں جہاں وہ مقیم ہیں۔