فیصل آباد۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے کاشتکار برادری کو زرعی فنانسنگ سکیم کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے ایگریکلچر فنانشل لٹریسی سٹوڈنٹ ایمبیسیڈر پروگرام کا آغاز کردیاہے تاکہ کاشتکاروں کو آڑھتیوں کے چنگل سے نکالتے ہوئے معاشی دستگیری کی جا سکے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کو جدید رحجانات سے بھی آگاہ کیا جائے گا تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو ممکن بنایا جا سکے۔
اس ضمن میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے سو طلبا و طالبات سٹیٹ بینک کے زیراہتمام سکیم میں فیصل آباد کی چاروں تحصیلوں میں کاشتکاروں تک پیغامات پہنچائیں گے جس میں انہیں زرعی فنانسنگ سکیم و زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کو اربوں روپے کی زرعی اجناس درآمد کرنا پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو ممکن بنائیں تو نہ صرف اس سے خوشحالی آئے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی معاشی حالت بھی بہتر بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ درآمدات کو کم کرنے اور برآمدات کو بڑھانے کیلئے ٹھوس پالیسی مرتب کرنا ہو گی۔
ڈائریکٹر ایگریکلچر کریڈٹ اینڈ فنانشل انکلوژن ڈیپارٹمنٹ سٹیٹ بینک عابد قمر نے کہا کہ اس اہم اقدام کا مقصد کاشتکار برادری میں دستیاب مالیاتی سکیموں اور حکومت کے زیر انتظام زرعی اقدامات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں جدید ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ اس شعبے میں جدت لاتے ہوئے غذائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس سکیم میں تمام بڑے سٹیک ہولڈرز، بشمول سٹیٹ بینک آف پاکستان، کمرشل و اسلامی بینک، حکومتی محکمے مل کر کاشتکاروں کی دستگیری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وقاص کاشف باجوہ چیف منیجر سٹیٹ بینک فیصل آباد نے کہا کہ تقریب رونمائی میں 11 بینکوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبا کو ٹریننگ دی جائے گی اور اس پروگرام کو مستقبل میں ملک کے باقی حصوں تک بڑھایا جائے گا جس میں دیگر یونیورسٹیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر ریسورس اکنامکس زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر محمد اصغر، سٹیٹ بینک کی جوائنٹ ڈائریکٹرہما بخاری، ندیم خانزادہ سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر کریڈٹ اینڈ فنانشل انکلوژن ڈیپارٹمنٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔