اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):بینک دولت پاکستان نے بینک صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل اور ایپ ’سنوائی‘ کا آغاز کردیا ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جمعہ کویہاں جاری بیان کے مطابق یہ سٹیٹ بینک کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد بینکوں کے صارفین کو شکایات کے اندراج میں درپیش مشکلات دور کرنا اور ان شکایات سے نمٹنے میں بینکوں کی کارکردگی اور شفافیت کو مستحکم بنانا ہے۔
پورٹل ’سنوائی‘ بینکوں کے صارفین کے لیے ون ونڈو آپریشن کی حیثیت رکھتا ہے جہاں وہ پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے خلاف اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ اب صارفین روشن ڈیجیٹل اکائونٹس (آر ڈی اے) سمیت کسی بھی بینکاری پروڈکٹ یا سہولت کے بارے میں اپنی شکایات ’سنوائی‘ کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں تاکہ ان کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔
سنوائی ویب برائوزر کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی اینڈرائڈ اور آئی او ایس دونوں پر قابل رسائی ہے۔ رجسٹرڈ صارفین اپنی آسانی کے مطابق انگریزی یا اردو زبان میں شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ درج شدہ ہر شکایت کو ایک منفرد ٹریکنگ نمبر دیا جاتا ہے اور یہ صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل بھیج دیا جاتا ہے۔
بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سٹیٹ بینک کی مقرر کردہ مدت کے اندر شکایات کا فوری اور منصفانہ حل یقینی بنائیں۔ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق صارفین کی شکایات کے ازالے کا یہ پورٹل اور ایپ بینکاری صنعت کے صارفین کا اعتماد مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔