اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):بینک دولتِ پاکستان مویشی منڈیوں میں رقم کی ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگی کو فروغ دینے کے لئے ملک گیر مہم کا آغاز کر رہا ہے جس میں صفِ اول کے 22 کمرشل بینکوں کے ساتھ اس کا اشتراک ہے۔ 15 مئی سے 6 جون 2025ء تک چلنے والی اس مہم کا مقصد خریداروں اور فروخت کنندگان کو یہ ترغیب دینا ہے کہ قربانی کے جانور خریدنے کے لئے اور خوراک، پانی، اور پارکنگ جیسی متعلقہ سہولتیں لینے کے لئے ادائیگی کے ڈیجیٹل طریقے استعمال کئے جائیں۔یہ اقدام ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مقبولِ عام بنانے کے سٹیٹ بینک کے وسیع تر سٹریٹجک ہدف کا ایک حصہ ہے۔
گذشتہ سال مہم کی کامیابی 2025ء کی اس مہم کے لئے مہمیز ثابت ہوئی۔ یاد رہے کہ 2024ء میں 4 ہزار سے زائد تاجر اس مہم کا حصہ بنے اور 560 ملین روپے مالیت کی 13 ہزار ڈیجیٹل ٹرانزیکشن عمل میں آئیں۔ 2025ء کی مہم میں 21 اضلاع کی 54 بڑی مویشی منڈیوں کو شامل کیا جائے گا۔ مہم کے دوران ایک لاکھ ڈیجیٹل ٹرانزیکشن عمل میں لانا اِس سال کا ہدف ہے۔ عام لوگوں اور تاجروں کی طرف سے ملنے والا ردِعمل نہایت مثبت رہا ہے جس سے روایتی بازاروں میں بھی خریدوفروخت میں بے نقد (کیش لیس) طریقوں کی طلب کا اظہار ہوتا ہے۔پوری مہم کے دوران بڑی رقوم کے سودوں کو سہولت پہنچانے کے لئے ٹرانزیکشن کی حد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
آگاہی بڑھانے، تاجروں کو اپنے ساتھ شریک کرانے، اور کیو آر کوڈ، موبائل والٹ، اور بینکنگ ایپس جیسے طریقے اپنانے میں خریداروں کو مدد دینے کی غرض سے منڈیوں میں معاون ٹیمیں اور ڈجیٹل طریقے استعمال کئے جائیں گے۔میڈیا آؤٹ لیٹس کو بھی ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ ’’مویشی منڈیوں میں گو کیش لیس‘‘ مہم کا ساتھ دینے کے لئے ادائیگی کے ڈجیٹل طریقوں کی خوبیوں یعنی سہولت، حفاظت اور جدت کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔ مہم کی مقبولیت اور اثرات کو بڑھانے میں ایسی اسٹوریز مددگار ثابت ہوں گی جن میں مویشیوں کے تاجروں کے تاثرات، خریداروں کی آرا، اور ٹرانزیکشن کے رجحانات کو اجاگر کیا گیا ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600673