اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نوجوانوں کو کاروباری قرضوں کے ساتھ ساتھ اب لیپ ٹاپ کے لیے بھی قرض حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ایچ ای سی سے منظور شدہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 18 سے 30 سال کے طلبہ لیپ ٹاپ کے لیے قرض حاصل کر سکیں گے جو ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ہوگا۔مزید برآں بیرون ملک روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے بھی اس سکیم کے تحت اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
رانا مشہود احمد خاں کے مطابق بیرون ملک روزگار پر جانے والے افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا جو ان کے ٹریننگ، ویزا، سفری اخراجات اور ابتدائی سیٹلمنٹ میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بہتر معاشی مواقع فراہم کرنا اور انہیں بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنانا ہے۔اس موقع پر رانا مشہود احمد خاں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت اب تک 186 ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں جو اس سکیم کی کامیابی اور نوجوانوں کے اس پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔حکومت پاکستان اس سکیم کو مزید وسعت دینے کے لیے مزید اصلاحات متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے تاکہ ملک کے نوجوان طبقے کو مزید فائدہ پہنچایا جا سکے۔ اس سکیم کے ذریعے نہ صرف تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ معاشی استحکام کو بھی فروغ ملے گا۔