اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):بینک دولت پاکستان نے ایس بی پی وژن 2028ء کے مطابق اپنے ریگولیٹری سینڈ باکس اقدام کے تحت پہلے گروہ کے موضوعات کا اعلان کردیا ہے۔پیرکویہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس گروپ کے تحت اسٹیٹ بینک آنے والی ترسیلات کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی حل، اوپن بینکنگ اور تاجروں کی فاصلاتی آن بورڈنگ کے تین موضوعات کا عملی طور پر احاطہ کرنے والی درخواستوں پر غور کرے گا۔ریگولیٹری سینڈ باکس کا مقصد صارفین کے تحفظ اور مالی استحکام کو یقینی بناتے ہوئے مالی شعبے میں اختراعات کو فروغ دینا ہے۔ اس طرح درخواست دہندگان اپنی مصنوعات اور ان سے وابستہ آپریشنل ماڈلز کو جانچ سکیں گے اور ریگولیٹری ماحول کو ابھرتی ہوئی اور جدید ٹیکنالوجیز کے مطابق بہتر بنانے اور اپ گریڈ کرنے میں اسٹیٹ بینک کی مدد کریں گے۔
اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک مذکورہ بالا موضوعات پر جدید خیالات اور مصنوعات پیش کرنے والے افراد اور فرموں کا خیرمقدم اور حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ وہ آر بی ایس کے تحت اپنی مصنوعات، ماڈلز وغیرہ آزمائیں اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے فن ٹیک منظر نامے اور ڈجیٹل مالی ایکو سسٹم کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ آر بی ایس ٹیم سے رابطے یا سوالات کے جواب جاننے کے لیے regulatory.sandbox@sbp.org.pk ای میل پررابطہ کیا جاسکتاہے۔پہلے گروپ میں شرکت کے لیے درخواستیں 25 اگست 2025ء سے 05 اکتوبر 2025ء تک اس خصوصی ای میل پر وصول کی جائیں گی۔ دلچسپی رکھنے والوں کی سہولت اور انہیں ضروری رہنمائی اور مرحلہ وار طریقہ کار بتانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے ریگولیٹری سینڈ باکس گائیڈ لائنز پہلے ہی جاری کر رکھی ہیں جو ادارے کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔