سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی آزادکشمیر میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات کی ہدایت

75
Chance of rain
Chance of rain

مظفرآباد۔23فروری (اے پی پی):سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے آزادکشمیر میں 25 فروری کی رات سے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات کی ہدایت کر دی۔ ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز، ریسکیو 1122، شاہرات سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ہمہ وقت صورتحال کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے مرکزی کنٹرول روم کو آن بورڈ رکھا جائے، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل کر کے انتظامیہ سے لیزان رکھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ عوام الناس بارشوں اور برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیا ر کیں، موسمی صورتحال کے پیش نظر شہری بالخصوص سیاح حضرات راستوں کی معلومات لیکر سفر کریں اور احتیاطی تدابیر کو بہرصورت ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈی ایم اے کی جانب سے موسمی صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز، ریسکیو 1122، شاہرات سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ طور پر پہاڑوں پر برف باری اور خطرناک مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی سے پیش آنے والے خطرات کے بارے میں مسافروں کو آگاہ کریں اور مقامی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو سروسز کے ذریعے ہنگامی صورتحال کی صورت میں رہنمائی اور مدد فراہم کریں جبکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جہاں سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کا زیادہ خطرہ ہووہاں پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ایمبولینس اور سول ڈیفنس وغیرہ ہمہ وقت دستیاب ہوں۔

انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ ادارں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور این ایچ اے کے ساتھ لیزان رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کو نالوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بجلی کے بوسیدہ کھمبوں، سولر پینلز، ہورڈنگز اور زیر تعمیر عمارتوں کو محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کر کے گرج چمک اورژالہ باری سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شدید موسمی حالات میں ہر صورت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔