
حیدرآباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):سٹوڈنٹس ٹیچرز انگیجمنٹ پروگرام (سٹیپ )کے زیر اہتمام "چین میں زرعی گریجویٹس کے لئے تعلیم اور ملازمت کے مواقع” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین اور سماجی اصلاح کاروں نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے ملک کے فارغ التحصیل طلبا کے لئے چین کے تحقیقی اور زرعی اداروں میں اعلی تعلیم کے بے شمار مواقع موجود ہیں،
اپنے کیرئیر کے لیے گریجویٹ چینی تعلیمی و تحقیقی اداروں سے رابطہ کریں۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر نے کہا کہ سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبا دنیا کے مختلف ممالک میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ ہمارے گریجویٹس کے لیے چین میں بے شمار مواقع موجود ہیں اور وہاں پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو بہت اہمیت حاصل ہے
، وہاں موجود گریجویٹس، داخلہ کے خواہشمند گریجویٹس کی رہنمائی کریں۔ انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین سومرو نے بھی مختلف شعبوں کے طلبہ کے لیے تعلیمی فوائد کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کو اعلی تعلیم حاصل کرنے اور بیرون ملک مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر فلک ناز میانو نے طلبہ کو چینی یونیورسٹیوں میں مکمل فنڈڈ سکالرشپ جیتنے کے تعلیمی طریقوں کے بارے میں آگہی دی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسد اللہ مری، ڈاکٹر شہزور گل خاصخیلی اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔