واشنگٹن ۔ 26 جولائی (اے پی پی) اے ٹی پی سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 51 واں ایڈیشن 29 جولائی سے امریکا کے دارلحکومت واشنگٹن میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ اے ٹی پی ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز اور ویمنز ڈبلز مقابلے ہونگے۔ ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں جرمنی کے الیگزینڈر زویرو اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ مینز ڈبلز مقابلوں میں برطانوی کھلاڑی جمی مرے اور انکے برازیلین جوڑی دار برونو سوریز ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریگی۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں روسی کھلاڑی سوتیلانا کزنٹسوا اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے میدان میں اتریں گی۔ ٹورنامنٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ 29 جولائی سے شروع ہونے والا یہ اے ٹی پی ایونٹ 7 روز تک جاری رہنے کے بعد 4 اگست کو اختتام پذیر ہوگا۔ واضح رہے کہ سٹار برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز ایونٹ میں اپنے بھائی جمی مرے کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ یہ مرے کا کولہوں کی سرجری کے بعد چوتھا ٹورنامنٹ ہو گا۔ دونوں بھائیوں نے اس سے قبل 2015ءمیں ایک ساتھ برطانیہ کو ڈیوس کپ ٹائٹل دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ واضح رہے کہ جمی مرے نے گزشتہ برس برازیلین جوڑی دار برونو سوریز کے ساتھ مل کر سٹی اوپن مینز ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔