سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر10 یوم میں 65لاکھ روپے جرمانہ ، 10ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج

259

راولپنڈی ۔12جولائی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 10یوم میں 65لاکھ روپے جرمانہ کرکے خلاف ورزی کے مرتکب 10ڈرائیورز پر مقدمات درج کرادیئے ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے یومیہ بنیادوں پر کارروائی کررہی ہے تاہم ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں یکم جولائی 2023سے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کا آغا زکیا گیا ہے اور وارڈن افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جان لیوا حادثات کے روک تھام کے لیے ہیلمٹ کی پابندی ہرصورت ممکن بنائی جائے ۔

تیمور خان نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی پابندی کی بدولت حادثات کی شرح زیرو پر لائی جاسکتی ہے ،اس لیے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں میں آگاہی کے فروغ کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہیلمٹ کا استعمال موٹرسائیکل سوار کی اپنی سیفٹی کے لیے ضروری ہے کیونکہ ہیلمٹ کسی بھی حادثہ کی صورت میں سر پہ چوٹ لگنے کے خطرے کو کم سے کم کرتا ہے ،ٹریفک قوانین کی پاسداری مہذب معاشرے کی پہچان ہے ،ہم سب کو چاہیے کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد کرکے مہذب شہری ہونے کا ثبو ت فراہم کریں ۔

سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان نے بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے یکم جولائی سے جاری خصوصی مہم کے دوران دس دن میں بغیر ہیلمٹ 10946موٹر سائیکل سواروں کا چالان کیا جبکہ اس عرصہ میں مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 19159چالان کرکے 6488350روپے جرمانہ کرکے قومی خزانے میں جمع کروایا گیا ۔اس عرصہ میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب 10ڈرائیورز کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات کا اندراج کروایا گیا جبکہ 9وہیکلز کے کاغذات منسوخ کیے گئے ۔

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مختلف سیکٹرز میں گذشتہ دس یوم کے دوران ہونے والی کارروائیوں کے مطابق مہرآباد ، صدر ، نیو ایئرپورٹ ، سول لائنز ، اولڈ ائیر پورٹ ، ڈھوک سیداں ، اڈیالہ ، سٹی ، پیرودھائی ، صادق آباد ، نیوٹائون ، مری روڈ ، کہوٹہ ، کلرسیداں ، گوجرخان ، کوٹلی ستیاں ،ٹیکسلا اور کوہ مری سیکٹرز میں مجموعی طور پر 12417ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جن میں سب سے زیادہ خلاف ورزی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواری ریکارڈ کی گئی ۔اس عرصہ میں مجموعی طور پر بغیر ہیلمٹ 10946موٹر سائیکل سواروں کا چالان کیا گیا، ون وے کی خلاف ورزی پر 479، کالے شیشوں کے استعمال پر 551،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 82،رانگ پارکنگ پر 359 چالان کیے گئے ۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی کیونکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے روڈ ٹریفک حادثات پر قابو پانا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان نے کہاکہ خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیورز کو بھاری جرمانوں کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے جبکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی بدولت اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔