سٹی ٹریفک پولیس پشاور ، شہریوں پر شربت اور پانی سمیت ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم

87

پشاور۔ 26 مئی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شدید گرمی کے باعث شہریوں پر شربت اور پانی سمیت ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے۔چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا کہ شدید گرمی کی لہر شروع ہونےکے باعث شہر کے تمام سیکٹرز میں ٹریفک وارڈنز میں بھی شربت اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو شدید گرمی سے بچنے کیلئے باقاعدہ چھتریاں بھی فراہم کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہری دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات کی صورت میں جانی نقصان سے بچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ٹریفک نظام کو منظم طریقے سے چلائیں، شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر میں ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کےلئے کوشاں ہے۔

تر جمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان شدید گرمی کے موسم میں ٹریفک حکام اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کےلئے روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف سیکٹرز کے دورے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام سیکٹرز میں اہلکار شدید گرمی کے باوجود اپنے پوائنٹس پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے شہریوں اور خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال بارے آگاہ کیا گیا اور اس کے فوائد بیان کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے سے حادثات میں کمی سمیت ٹریفک میں خلل نہیں پڑےگا جس سے شہری بروقت اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں گے۔