پشاور۔ 25 اپریل (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک حکام اور اہلکاروں میں پانی کی بوتلیں اور شربت تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان گرمی کے موسم میں ٹریفک حکام اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف سیکٹرز کے دورے کرتے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کا کہنا ہے کہ ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو شدید گرمی سے بچنے کیلئے باقاعدہ چھتریاں بھی فراہم کر دی گئی ہیں، شہر کے تمام سیکٹرز میں اہلکار شدید گرمی کے باوجود اپنے پوائنٹس پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
سی ٹی او ہارون رشید خان نے کہا کہ افسران و اہلکار بارش،سردی اور گرمی کے باوجود اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں جو داد کے مستحق ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو ایمانداری سے ڈیوٹی انجام دینے پر داد دی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر میں ٹریفک نظام رواں دواں رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587476