پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے جلوس شرکاء اور شہریوں کی سہولت کیلئے 9 محرم الحرام کے حوالے سے شہر میں ٹریفک نظام سے متعلق نقشہ جاری کردیا۔سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق نقشہ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کے احکامات پر جاری کر دیا گیا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی سفری مشکلات درپیش نہ ہوں.
چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ شہریوں کو ٹریفک نظام سے متعلق ایف ایم ریڈیو 88.6 سمیت سوشل میڈیا کے تمام سائٹس پر ٹریفک نظام سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے۔ شہری محرم الحرام کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا محرم الحرام کے دوران شہر میں ٹریفک نظام میں بہتری کیلئے ڈرون سکواڈ شہر کی نگرانی کر رہا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایت پر تشکیل کردہ سکواڈ محرم کی جلوسوں کی کوریج کر رہا ہے۔ڈرون کیمروں کی مدد سے شہر بھر میں جلوسوں کے باعث بند شاہراہوں اور سڑکوں سمیت متبادل روٹس کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔