سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام گیٹس فرما پشاور میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد

81

پشاور۔ 28 اپریل (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام گیٹس فرما، پشاور میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان اور دیگر نے شرکت کی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے ذریعے ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ٹریفک کی روانی یقینی ہو۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ اسی طرح دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سیکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلانی چاہئے انہوں نے کہا کہ شہری ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے سے شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔ بعد ازاں ہیڈ آف ایڈمنسٹریشن سید نجم مقبول نے ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان کو شیلڈ پیش کیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری سے ہی حادثات پر قابوپایا جاسکتا ہے منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کابہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات پر مؤثر قابو پانے کا ضامن ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کا بہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہوتا ہے۔