سپارکو اور نیشنل سینٹر آف ایکسیلینس ان جیالوجی یونیورسٹی آف پشاور کا چاند کے نمونوں کی تحقیق میں اشتراک اور پانچ سالہ معاہدے پر دستخط

76

پشاور۔ 07 فروری (اے پی پی):پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور نیشنل سینٹر آف ایکسیلینس ان جیالوجی یونیورسٹی آف پشاور نے جمعہ کو دو اہم معاہدوں کے ذریعے اپنے سائنسی تعاون کو مزید مستحکم کیا جس میں چاند کے نمونوں کی تحقیق کے لیے ایک تاریخی شراکت اور پہلے سے موجود مفاہمتی یادداشت میں مزید پانچ سال کی توسیع شامل ہے۔ پاکستان میں خلائی اور سیاروی سائنس کی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر سپارکو اور این سی ای جی نے چاند کے نمونوں کے مطالعے میں تعاون کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ سپارکو کے ممبر اسپیس ایپلیکیشنز اینڈ ریسرچ ظفر اقبال اور این سی ای جی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی نے سپارکو کے وفد اور این سی ای جی کے فیکلٹی ممبران کی موجودگی میں باضابطہ طور پر دستخط کیا۔

اس اشتراک کے تحت سپارکو این سی ای جی کو چاند کے نمونے مہیا کرے گا تاکہ قمری مٹی کے عنصری اور معدنیاتی تجزیے کیے جا سکیں جو کہ نیشنل اسپیکٹرل لائبریری کے قیام میں مدد فراہم کرے گا۔ دونوں اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تحقیقاتی سرگرمیوں کی نگرانی اور معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ظفر اقبال نے اس اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا جو خلائی سائنس کی تحقیق کو فروغ دے گا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی نے این سی ای جی کی تحقیقی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر سپارکو کا شکریہ ادا کیا۔ چاند کے نمونوں کے تحقیقاتی معاہدے کے ساتھ ساتھ سپارکو اور این سی ای جی کے درمیان پہلے سے موجود مفاہمتی یادداشت جو 6 فروری 2012 کو دستخط کی گئی تھی اور 2016 میں توسیع کی گئی تھی، کو مزید پانچ سال کے لیے تجدید کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ریموٹ سینسنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے وسائل کے انتظام اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنا ہے۔

اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے سائنسی اور تکنیکی ڈیٹا کے تبادلے، قومی اور عالمی چیلنجز (جیسے موسمیاتی تبدیلی) کی شناخت اور ان کے تدارک کے لیے مشترکہ منصوبے، متعلقہ تحقیقی موضوعات پر گریجویٹ طلبہ کی مشترکہ نگرانی، قدرتی آفات کے خطرے میں کمی کےلیے جیو ہیزرڈ میپس کی تیاری، علمی اور سائنسی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد، تحقیقی عملے کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات پر تعاون کریں گے۔ سپارکو کے وفد کی قیادت ظفر اقبال (ممبر، اسپیس ایپلیکیشنز اینڈ ریسرچ وِنگ) اور ڈاکٹر سعید رحمان (ڈپٹی چیف منیجر ڈائریکٹوریٹ آف اسپارک) نے کی جسکا این سی ای جی کے اساتذہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ وفد نے این سی ای جی کی جدید لیبارٹریوں اور تحقیقی سہولیات کا دورہ کیا اور معدنی وسائل کی تلاش، جیو ہیزرڈز اور آفات کے انتظام کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ چاند کے تحقیقاتی شراکت داری اور مفاہمتی یادداشت کی توسیع پاکستان میں

خلائی سائنس، جیالوجی، اور قدرتی آفات کے انتظام کے شعبوں میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ اقدامات سپارکو اور این سی ای جی کے عالمی سائنسی تعاون، جدید تحقیق، اور قومی و بین الاقوامی چیلنجز کے لیے جدید حل تیار کرنے کے عزم کو مزید تقویت بخشتے ہیں۔