اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورسیکرٹری جنرل جہانگیرترین کیخلاف اثاثے ظاہرنہ کرنے کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت آج بدھ کی صبح تک ملتوی کردی ۔ منگل کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل سے کہاکہ درخواست گزار نے عمران خان پر پانچ نکات پر مشتمل اعتراضات لگائے ہیں، جن میں سر فہرست فارن فنڈنگ کا معاملہ ہے، آپ کے موکل پر نیازی سروسز کا الیکشن کمیشن اور گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے کا بھی الزام ہے جبکہ لندن فلیٹ کا منی ٹریل نہ ہونے ، جمائمہ سے رقم منگوانے اور بنی گالہ جائیداد کی خریداری کے متعلق بھی الزامات لگائے گئے ہیں جس پر عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کوبتایا کہ وہ اپنے موکل کے حوالے سے تمام دستاویزات جمع کروا چکے ہیں ۔سماعت کے دوران حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بنی گالہ اراضی خرید نے کے ذرائع کیا تھے۔