اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وزارت قانون سے کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام کی منظوری کے لیے ڈرافٹ رولز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ حکومت نئی اتھارٹی کے سربراہ کے تقرر کے لیے پاکستانی ماہر کی تلاش میں ہے۔یہ بات اٹارنی جنرل آف پاکستان نے جمعہ کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ کے سامنے کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران کہی۔ کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ ہے، حکومت کو سبک رفتار ی سے آگے بڑھنا چاہیے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ تیسری بار چیئرمین کی تقرری کا اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ پچھلے دو اشتہارات کیوں کامیاب نہیں ہوئے؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وضاحت کی کہ شارٹ لسٹ کیے گئے تینوں سرفہرست امیدوار دوہری شہریت کے حامل پائے گئے جبکہ حکومتی پالیسی اعلیٰ عہدوں پر دوہری شہریت کے حامل افراد کی تقرری پر پابندی عائد کرتی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صوبوں سے ممبران کو پہلے ہی اتھارٹی میں تعینات کیا جا چکا ہے۔۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ٹیکنوکریٹس کی نامزدگی کے لیے صوبوں سے رابطہ کیا جائے گا جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا اتھارٹی کے رولز بنائے گئے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ رولز کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جسے منظوری کے لیے وزارت قانون کو بھیجا جائے گا۔
سماعت کے دوران سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ذوالفقار یونس نے عدالت کو بتایا کہ پچھلی بار 752 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے دیگر دو امیدواروں پر غور کیوں نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری نے جواب دیا کہ باقی دو امیدوار مکمل طور پر معیار پر پورا نہیں اترتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ درخواست گزار بیرون ملک مقیم ہیں اور انہیں پاکستان آنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل میاں سمیع الدین نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بنیادی حقوق سے متعلق کیس ہے اور خالصتاً پاکستانی ماہر کی تلاش مشکل لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی 2017 سے غیر فعال تھی۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575162