اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال نے 28 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے طور اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
بدھ کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ جبکہ تقریب کے دیگر شرکاء میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ،وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹرنسیم فروغ سمیت دیگر وفاقی وزرا ، وزرائے مملکت ، ارکان پارلیمنٹ، ججز صاحبان، وکلا تنظیموں کے عہدیداروں اور سول وفوجی حکام شامل تھے۔
اس موقع پر جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کانوٹیفکیشن بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کیا ۔ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن 2 فروری سے نافذ العمل ہے۔ ان کے پیشرو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار حسین یکم فروری کو اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد سبکدوش ہو گئے تھے۔