لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدارت کے لیے عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار شہزاد شوکت 613 ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے،ان کے مد مقابل حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس 452 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اور شکست سے دو چار ہوگئے،صدارت کی نشست پر دونوں امیدواروں کا ون ٹو ون مقابلہ تھا،غیر سرکاری نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار شہزاد شوکت نے انتخابی دنگل جیت لیا،
باقی نشستوں پر گنتی کا عمل جاری ہے،سیکرٹری کی نشست پر علی عمران سید اور سلمان منصور ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔اسی طرح چاروں صوبوں میں نائب صدارت کے لیے امیدوار پنجاب سیٹ کے لیے علیم بیگ چغتائی اور عمر حیات سندھو چودھری،بلوچستان سے نائب صدر کے لئے تین امیدواروں لیاقت علی ترین ، محمد ایواز زہری اور نصیب اللہ خان کاسی جبکہ کے پی کے سے نیلم عذرا خان اور تہمینہ محب اللہ جبکہ سندھ سے نائب صدر چار امیدواروں عابدہ پروین چنر ،محمد صفدر کھوکھر ، سیفی علی خان اور ثمینہ فیض درانی ،سیکرٹری کے عہدے کے لیے دو امیدواروں علی عمران سید اور سلمان منصور ،
ایڈیشنل سیکرٹری کے لیے محمد اورنگزیب خان اور سردار شہباز علی خان کھوسہ فنانس سیکرٹری کے لیے علی احمد خان رانا ، ریاض حسین اعظم بوپیرہ اور رفاقت علی اعوان کے درمیان مقابلہ ہے اور گنتی کا عمل جاری ہے،اسی طرح مجلس عاملہ کے لیے پنجاب سے چودھری محمد یونس ، غلام اللہ خان جوئیہ ،محمد عالمگیر خان اور نجمہ رشید بلوچستان سے علی حسن بگٹی ، غلام محی الدین ، مدثر ندیم اور رحمت اللہ شاہد وزئی،کے پی کے سے ملک اختر حسین اعوان ،
مختار احمد منیری ، شوکت پرویز اور تنویر احمدمغل جبکہ سندھ سے ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کے لیے امیدواروں میں عبدالقدیر لغاری ، دلبر خان لغاری ، منہاج الاسلام فاروقی اور محمد وسیم شاہ کے درمیان مقابلہ ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے،الیکشن کمیشن کے فرائض چوہدری افراسیاب خان نے انجام دے رہے ہیں،اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن دفتر عمارت میں ریٹرننگ آفیسر کیجانب سے امیدواروں کی کامیابی کا اعلان 3 نومبرکوکیاجائیگا۔