14.5 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 28, 2025
ہومقومی خبریںسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رئوف عطا کی...

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رئوف عطا کی مسلم ن کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات

- Advertisement -

لاہور۔21مارچ (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر میاں محمد رئوف عطا نے جمعہ کے روزجاتی عمرہ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدر عطاء اللہ لانگو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خاص طور پر بلوچستان کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میاں نواز شریف نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ صوبے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام اور جلد بلوچستان کادورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف جمہوری عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ مزید برآں انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

- Advertisement -

میاں محمد رئوف عطا نے میاں نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ بطور ایک تجربہ کار اور سینئر سیاستدان قومی رہنمائوں خصوصا بلوچستان کے قائدین کو یکجا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے جمہوری طریقہ ہی واحد موثر راستہ ہے۔ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جا سکے۔ اس موقع پر بلوچستان اور ملک بھر میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی اور دعاء بھی کی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575077

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں