سپریم کورٹ رجسٹری کی عمارت کراچی کی شاندار عمارتوں میں سے ایک ہوگی، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا تقریب سے خطاب

74

کراچی۔17مئی (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہا کہ اگرچہ انصاف کی فراہمی کے لئے بڑی عمارتوں کی ضرورت نہیں ہےلیکن جدید تقاضوں اور ہرچیز کے مناسب جگہ پر ہونے کے لئے عمارت ضروری ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں سپریم کورٹ رجسٹری کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں ججز، وکلاء اور دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی ۔

قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان نے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹری کی عمارت کراچی کی شاندار عمارتوں میں سے ایک ہوگی ، اس عمارت میں 6 کورٹ رومز سمیت ایڈوکٹ جنرل اور باررومز کے دفاتر بھی ہوں گے ۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی سب سے اہم ہے۔ ججز ، وکلاء قانون کی حکمرانی قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ ملک کی ضرورت بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ضرورت قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی خودمختاری کو برقرار رکھنا ہے اور یہ سب سے اہم ہے ۔