سپریم کورٹ میں صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت

63
Supreme Court

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا کہ پریس کی آزادی بنیادی حقوق کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو کسی بھی صورت میں ہراساں کرنا ناقابل برداشت ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پیر کو یہاں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی جانب سے صحافیوں کو جاری کردہ نوٹسز اور مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ اس معاملہ پر حکومت کو ایڈوائز کریں۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے پولیس اور ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹس کو مسترد کر دیا اور پولیس اور ایف آئی اے سے تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت 25 مارچ 2024 تک کیلئے ملتوی کر دی ۔