اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پیر کو یہاں ماحولیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کے حوالہ سے کیس پر سماعت کی۔
دوران سماعت صوبائی حکومتوں کی جانب سے عدالت کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بنچ کے سربراہ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے عملی اقدامات بارے تحریری رپورٹ دی جائے۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں موسمیاتی تبدیلی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات فراہم کریں۔ عدالت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اور سندھ میں پالیسی تو ہے لیکن عملی اقدامات بھی اٹھائیں۔
تمام صوبے موسمی تبدیلی کے لئے عملی اقدامات کے حوالہ سے رپورٹ جمع کرائیں۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 15 جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی۔