سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں قرار دیا ہے کہ سیکریسی تاحیات نہیں ہے ، سینٹر فیصل جاوید

58
سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں قرار دیا ہے کہ سیکریسی تاحیات نہیں ہے ، سینٹر فیصل جاوید
سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں قرار دیا ہے کہ سیکریسی تاحیات نہیں ہے ، سینٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر عدالت عظمی نے اپنی رائے دیدی ہے ،سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں قرار دیا ہے کہ سیکریسی تاحیات نہیں ہے ووٹ کی شناخت ہوسکتی ہے ، انتخابات میں شفافیت کیلئے بیلٹ کی سیکریسی دائمی نہ ہونے کے حوالے سے عدالتی رائے زبردست ہے ، آج وزیراعظم عمران خان کی جیت ہوئی ہے ، ووٹ کی شناخت وزیراعظم عمران خان کی جیت ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہی ۔ سینٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ماضی میں سینیٹ انتخابات میں کرپشن ہوتی تھی ،شفافیت کیلئے وزیراعظم عمران خان صاحب نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے خواہش مند ہیں ،وزیراعظم عمران خان نے شفافیت کیلئے طویل جدو جہد کی ہے ،وزیراعظم عمران خان شفافیت اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ،وزیراعظم عمران خان ہر سطح پر شفافیت چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں الیکشن کمیشن کو کہا ہے کہ کرپٹ پریکٹس کو روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،کرپشن کو روکنے اور انتخابات میں شفافیت کیلئے الیکشن کمیشن تمام اقدامات اٹھائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے حفیظ شیخ سینیٹ الیکشن جیتیں گے اور ہار پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کا مقدر ہے۔