اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ نے وسیم الرحمان خان خاکوانی کی بطور ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) تقرری کردی۔سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب عدلیہ کے جوڈیشل آفیسر وسیم الرحمان خان خاکوانی کو ایک سال کی مدت کے لیے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) تعینات کیا ہے۔
16 سال سے زیادہ کی سروس کے ساتھ وسیم الرحمان خاکوانی نے متعدد دائرہ اختیار میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے طور پر خدمات انجام دی ہیں ۔انہیں فوجداری، دیوانی اور عائلی مقدمات کا فیصلہ کرنے میں وسیع مہارت حاصل ہے۔ ان کی مدت میں مقدمات کے ٹرائل، اپیلوں کی کارروائی کی سربراہی اور ماتحت عدالتوں کی نگرانی، عدالتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ انصاف اور آپریشنل کارکردگی کے معیارات کو برقرار رکھنا شامل ہے۔
حال ہی میں انہوں نے لاہور ہائی کورٹ، بہاولپور بنچ میں سینئر ایڈیشنل رجسٹرار کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے اپنی انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارا۔اعلا میہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اپنے نئی ذمہ داری میں وہ عدالتی سرگرمیوں، کیس مینجمنٹ کے عمل کی خوش اسلوبی سے انجام دہی اور انصاف کی فراہمی اور شفافیت کو بڑھانے کے لیے اقدامات میں معاونت کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579504