سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے ، الزام خان کی جھوٹ و الزام تراشی کی سیاست کا پول کھل گیا، حمزہ شہباز

65

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بار بار جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے والوں کا ایک اور جھوٹ آشکار ہو گیا، الزام خان کی جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کا پول کھل گیا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے جس نے نظریہ ضرورت کو ایک بار پھر دفن کر دیا، صدر عارف علوی، اس وقت کے وزیراعظم عمران خان، ڈپٹی سپیکر اور وزیر قانون نے آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا لیکن آئین شکنی کے مرتکب ہوئے،آئین سے انخراف کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا پڑے گا، جس سے مستقبل میں ایسے آئین شکنوں کا راستہ رک سکے،

وزیراعلی حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کو آئین کی خلاف ورزی کیلئے استعمال کیا،آئین سے کھلواڑکرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا، یہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے نے پی ٹی آئی کے سازشی بیانیہ کو بھی دفن کردیا، قوم محب وطن اور لیٹروں میں فرق کو جان چکی ہے،

سپریم کورٹ نے واضح کر دیا کوئی سازش نہیں ہوئی،انہوں نے کہا کہ دراصل آئین شکنوں کا ٹولہ جو خود کو تحریک انصاف کہلاتا ہے عوام کی نمائندگی پر ڈاکہ ڈال رہا تھا اور اب بھی اس کوشش میں ہے،عوام اس سازشی ٹولے کو ضمنی الیکشن میں بھی مسترد کردیں گے،حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئین کو پامال کرنے والے اب عدالتوں کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں،عدلیہ بھی ان دھمکیوں کا نوٹس لے اور اداروں کی توہین کے مرتکب اس ٹولے کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔