سپریم کورٹ کی ججز کالونی پارک میں جج صاحبان کے درمیان مبینہ بحث تکرار اور ہاتھا پائی کے حوالہ سے جھوٹی خبروں کی تردید

142
Supreme Court
Supreme Court

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے ججز کالونی پارک میں جج صاحبان کے درمیان مبینہ بحث و تکرار اور ہاتھا پائی کے حوالہ سے جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبر سراسر جھوٹ، شرارت اور بدنیتی پر مبنی ہے جبکہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔

جمعہ کو سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں 13 اپریل 2023ء کو ججز کالونی پارک میں شام کو واک کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کےجج صاحبان کے درمیان مبینہ بحث و تکرار اور ہاتھا پائی کے حوالہ سے ایک سراسر جھوٹی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی تردید کی گئی ہے۔

اس رپورٹ کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے پیش اور اجاگر کیا گیا ۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ اس رپورٹ کی سخت ترین الفاظ میں تردید کی جاتی ہے اور یہ خبر سراسر جھوٹ، شرارت اور بدنیتی پر مبنی ہے جبکہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز کے بارے میں جعلی رپورٹنگ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ عدالت اور اس کے معزز ممبران کے وقار کو کم کرنے کے لیے منفی عناصر کی کوشش کی نمائندگی کرتی ہے۔