اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے پی ٹی آئی کی 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔جمعہ کوجسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
جسٹس امین الدین کے استفسار پر ایڈووکیٹ حامد خان نے کہا کہ درخواست میں 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل سے متعلق درخواست بے اثر ہو چکی ہے، اس حوالے سے الگ کارروائی چل رہی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا بینچ آرٹیکل 184 کے سیکشن 3 میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے کو دیکھ سکتا ہے؟جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے خلاف اہم اپیلوں میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی تھی جس پر حامد خان نے نفی میں جواب دیا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آپ نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ 9 مئی کے واقعے میں درجنوں شہری جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے وکیل سے پوچھاکیا آپ نے 9 مئی کو فوت ہونے والے کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ منسلک کیا ہے؟ ہمیں سرٹیفکیٹ دکھائیں۔
جسٹس امین الدین خان نے سوال اٹھایا کہ کیا شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی نجی شکایت درج کرائی گئی؟ اگر کوئی ایف آئی آر درج ہوئی ہے تو دکھائیں۔سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پی ٹی آئی کو مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567447