اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):سپریم کورٹ کے آ ئینی بنچ نے بچوں کے اغوا سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چائلڈ کمیشن کے نمائندے کو طلب کر لیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیشنل کمیشن فار چائلڈ ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ (این سی سی ڈبلیو ڈی) کے نمائندے کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آ ئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔
جسٹس آمین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔نومبر 2024 میں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے ملک بھر میں مختلف کیسز میں بچوں کے اغوا سے متعلق درخواستوں پر ازخود نوٹس لیا تھا۔درخواست گزاروں میں سے ایک نے عدالت کو بتایا کہ اٹارنی جنرل نے گزشتہ سماعت میں عدالت کی ہدایت کے مطابق چاروں صوبوں کے انسپکٹرز جنرل آف پولیس کے ساتھ تاوقت کوئی میٹنگ نہیں کی۔تاہم ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں میٹنگ ہوئی ہے۔
درخواست گزار نے شکایت کی کہ بچوں کی بہبود اور تحفظ کے لیے ادارے اور سرکاری محکمے موجود ہیں لیکن ان کا کوئی فائدہ نہیں۔جسٹس امین الدین خان نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سرکاری محکمے عدالتی مداخلت کا انتظار کیے بغیر اپنا کام کریں۔
بعد ازاں بنچ نے نیشنل کمیشن فار چائلڈ ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ (این سی سی ڈبلیو ڈی) کے نمائندے کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا اور سماعت اگلی پیشی تک ملتوی کر دی ۔کیس کی آ ئندہ تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573785