ویلنگٹن۔29جنوری (اے پی پی):سپر سمیش ٹی 20 کپ 25-2024 میں سینٹرل ڈسٹریکٹس نے آکلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی،یہ سینٹرل ڈسٹریکٹس کی سپر سمیش ٹی 20 کپ 25-2024 میں چھٹی فتح ہے، میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔
بدھ کو میک لین پارک، نیپئرمیں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 29ویں میچ میں آکلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بناکرسینٹرل ڈسٹریکٹس کو میچ میں کامیابی کے لئے148رنز کا ہدف دیا۔کیم فلیچر 31،جیک میک کینزی 28،سائمن کین 25 اور بیون جیکبز نے 23رنز سکور کیے ۔سینٹرل ڈسٹریکٹس کے برینٹ رینڈل نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین جبکہ ٹکنر اور ٹوبی فائنڈلےنے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں سینٹرل ڈسٹریکٹس نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سینٹرل ڈسٹریکٹس کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ٹام بروس نے 37 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔یوں سینٹرل ڈسٹریکٹس نے میچ میں آکلینڈ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔یہ سینٹرل ڈسٹریکٹس کی سپر سمیش ٹی 20 کپ 25-2024 میں چھٹی فتح ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 28 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔