اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ سپر فور مرحلے کے افتتاحی میچ میں بھارت کے خلاف جیت سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ ایشیا کپ کے اپنے بقیہ میچوں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ اب وہ سپر فور مرحلے کے اپنے دوسرے میچ میں بدھ کو افغانستان سے مقابلہ کریں گے جبکہ اپنے آخری میچ میں جمعہ کو سری لنکا سے ٹکرائیں گے، فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میچ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی شاندار رہی۔ بابر اعظم کی کپتانی بھی بہترین رہی کیونکہ انہوں نے چند بہت اچھے فیصلے لیے۔ اچھی بات یہ تھی کہ انھوں نے کوئی دباؤ نہیں لیا۔
امید ہے کہ پاکستان اس میچ میں اور بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا. سابق کپتان نے میچ میں واپسی کرنے اور اننگز کے ابتدائی اوورز میں ہندوستانی بلےبازوں کی طرف سے رنز کو کنٹرول کرنے پر پاکستانی ٹیم کی تعریف کی۔ایک وقت میں سوچ رہا تھا کہ بھارت 220 کے آس پاس اسکور کرنے میں کامیاب ہو جائے گا لیکن ہمارے بالرز نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے اسے 181 تک محدود کر دیا۔
انضمام نے خاص طور پر شاداب خان اور محمد نواز کا تذکرہ کیا کہ انہوں نے بھارتی بلے بازوں کو محدود رکھا۔ انہوں نے کہا کہ تیز باؤلرز نے بھی ڈیتھ اوورز میں اچھی گیند بازی کی۔ فیلڈنگ کے شعبے میں پاکستان کی کیچنگ شاندار تھی۔ ایک یا دو غلط فیلڈنگ کو چھوڑ کر، مجموعی طور پر فیلڈنگ بہت اچھی رہی ہے۔انہوں نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے پر محمد رضوان کی تعریف کی جبکہ محمد نواز کی شاندار بلے بازی کو بھی سراہا ۔
انہوں نے 20 گیندوں پر شاندار 42 رنز سکور کئے. انہوں نے مزید کہا کہ ہم چوتھے نمبر پر ایک مناسب بلے باز تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اب مجھے لگتا ہے کہ نواز اس جگہ پر باقاعدگی سے بیٹنگ کر سکتے ہیں۔