راولپنڈی 27جنوری (اے پی پی )وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہاہے کہ سپورٹس ایک صنعت ہے، بد قسمتی سے سابقہ حکومتوں نے توجہ نہیں دی،دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے،ہمیں سازگار ماحول دینا ہوگا،امید ہے راولپنڈی عمران خان،وسیم اکرم،شعیب ملک جیسے ہیروز پیدا کرتا رہیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں یوتھ فیسٹول کے تحت انٹر کلب ٹی 20 کرکٹ چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ٹورنامنٹ میں 76 کلب حصہ لیں گے اور 16 فروری کو ایونٹ کا فائنل ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سپورٹس نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان بہت محنت کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کا پیغام واضح ہے، انشاءاللہ عمران خان کے وژن کے تحت ملک ترقی کریگا۔ فہمیدہ مرز ا نے کہاکہ دنیا کو بتانا ہے ہمیں میدانوں کو دوبارہ زندہ کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ بچوں کو سوشل میڈیا اور دیگر چیزوں سے نکل کر میدانوں میں لانا ہے تاکہ ملک ترقی کرے۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سپورٹس ایک صنعت ہے لیکن بدقسمتی سے پچھلی حکومتوں نے توجہ نہیں دی گی۔