سپورٹس بورڈپنجاب کے کوچز پائلٹ سکول کے طلبا کو کھیلوں کی ٹریننگ دیں گے، مشیر کھیل پنجاب

63
سپورٹس بورڈپنجاب کے کوچز پائلٹ سکول کے طلبا کو کھیلوں کی ٹریننگ دیں گے، مشیر کھیل پنجاب

لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈپنجاب کے کوچز پائلٹ سکول کے طلبا کو کھیلوں کی ٹریننگ دیں گے، سکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کے ہمراہ سکولوں میں سپورٹس سرگرمیوں کی بحالی اور ترویج کیلئے گورنمنٹ پائلٹ ہائرسیکنڈری سکول وحدت روڈ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ مشیر کھیل وہاب ریاض اور ڈی جی سپورٹس نے سی ای او ایجوکیشن لاہور پرویز اختر اور پرنسپل پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحدت روڈ پرویز بٹ سے ملاقات کی ۔

پائلٹ سکول میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مشیرکھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا کہ پائلٹ سکول میں سپورٹس کی سرگرمیوں کیلئے تربیتی کیمپ لگایا جائے گا، جس میں 7کھیلوں کا ٹیلنٹ ہنٹ کیا جائے گا، ٹیلنٹ ہنٹ میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور اتھلیٹکس شامل ہیں، کھلاڑیوں کے ٹرائلز کرکے ٹیمیں تشکیل دے کر انٹرسکول مقابلے کروائیں گے، سکول میں انڈر 12اور انڈر16کھلاڑیوں کے گروپس بنائے جائیں گے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سکولز کھیلوں کی نرسریاں ہیں، سکولوں میں سپورٹس کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے روزانہ دو گھنٹے کھیلوں کیلئے مختص کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ہے،انٹر سکول مقابلوں سے جو ٹیلنٹ سامنے آئے گا اس کو قومی سطح کے مقابلوں میں شامل کیا جائے گا،گورنمنٹ پائلٹ ہائرسیکنڈری سکول میں ہمارے کوچز طالب علموں کو تربیتی کیمپ میں سپورٹس کی جدید تکنیکس سکھائیں گے، سکولز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ اس موقع ڈائریکٹر سپورٹس یاسمین اختر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، ڈویژنل سپورٹس آفیسر لاہور طارق خانزادہ بھی موجودتھے۔