سپورٹس بورڈ پنجاب نے5اے سائیڈ ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرکے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے،وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا

79

لاہور۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے فائیواے سائیڈ ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرکے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، سپورٹس کو گلی کوچوں تک لے جاکر فروغ دیں گے، پہلی چیف منسٹر پنجاب5 اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے سپورٹس کے فروغ کے لئے صوبوں کو آگے آنا ہوگا،ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پہلی چیف منسٹر پنجاب 5اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے مزید کہا ہے کہ خواتین کی سپورٹس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی،مارشل آرٹس، سائیکلنگ اور دیگر کھیلوں میں خواتین بھرپور حصہ لے رہی ہیں اور ان میں بہت ٹیلنٹ ہے، صوبوں کو اس پر بھرپور توجہ دینا ہوگی،انہوں نے کہا کہ ہاکی کسی زمانے میں ہمارا فخر ہوتا تھی،اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہم سب کو سپورٹس کلچر کی بحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، میڈیا پرائم ٹائم میں سپورٹس کو بھی جگہ دے جس سے سپورٹس کلچر بحال ہوگا۔

سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ فائیو اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں بہت اچھے مقابلے ہوئے ہیں، کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے،چیمپئن شپ سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہواگا، کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،خواتین کھلاڑیوں کو مزید محنت کرکے سپورٹس میں آگے بڑھنا ہوگا، ان سے ہر طرح سے تعاون کریں گے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، سیکرٹری سپورٹس اینڈیوتھ افیئرز پنجاب فواد ہاشم ربانی اور پاکستان کے تمام صوبوں اور قومی اداروں کے شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، آفیشلز اورتمام معزز مہمانوں کو پہلی چیف منسٹر پنجاب فائیو اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمپین شپ میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ہاکی ہمارا قوم کا کھیل ہے اس کی ترقی کیلئے پہلی چیف منسٹر پنجاب 5اے سائیڈ نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی کھلاڑیوں کا پول بنا رہے ہیں جس میں ان کو مزید تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکیں۔

سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لئے بہت کام کیا ہے، ہاکی کے بڑے ایونٹس منعقد کرائے ہیں، 2سے 5نومبر تک بین الصوبائی بوائزانڈر 17اور گرلز انڈر 16ہاکی ٹورنامنٹ اور ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کرارہے ہیں جس میں ملک بھر سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا،سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، جنرل مینجر پاکستان ہاکی فیڈریشن وومن ونگ تنزیلہ عامر چیمہ ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، آصف ناز کھوکھر، مس راحت خان، ڈاکٹر عامر سہیل، مس عابدہ تنویر، مس رضیہ رضوی، پاک آرمی، پاک ریلوے، واپڈا،پنجاب کلر کی ٹیموں کی مینجرز، رانا ندیم انجم، عبدالرف روفی، ناصر ملک، نبیل اکرم، بلال اکرم، رئیس الرحمن، شاہد محمود نظامی کو سوینئرز دیئے گئے۔