اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلسٹس نے گراس روٹ لیول سے لے کر بین الاقوامی مقابلوں تک کھیلوں کو نمایاں کیا، سپورٹس جرنلزم کی حوصلہ افزائی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایسی قوم سے وابستہ ہیں جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں راولپنڈی اسلام آباد جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ”ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے“کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج سپورٹس جرنلسٹس کے حوالے سے اہم دن ہے، کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے، انہیں آگے بڑھانے اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے میں سپورٹس جرنلزم نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس نے گراس روٹ لیول سے لے کر بین الاقوامی سطح تک کے مقابلوں میں کھیلوں کو نمایاں کیا اور پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں جتنا بھی نام اور وقار پیدا ہوا، اس کے پیچھے سپورٹس جرنلسٹس کی انتھک محںت کار فرما ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سپورٹس جرنلزم نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کے لئے امید، حوصلہ اور عزم کا پیغآم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "سپورٹس مین سپرٹ”اور "سپرٹ آف دی گیم”صرف میدان میں نہیں بلکہ صحافیوں کی رپورٹنگ سے جنم لیتے ہیں جو اپنی تحریر اور تصاویر کے ذریعے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرتے ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ارشد ندیم جیسے قومی ہیروز کی کامیابیاں ہوں یا پاکستان کی کرکٹ، ہاکی اور باکسنگ کی شاندار روایات، ان سب کو قوم کے سامنے لانے میں سپورٹس جرنلسٹس کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی کامیابی میں سپورٹس جرنلزم کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ہمیں ان کی مسلسل حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس جرنلزم صرف رپورٹنگ تک محدود نہیں، یہ اتظامی سطح پر بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے، پی ٹی وی سپورٹس میں ایک سینئر سپورٹس جرنلسٹس کو سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے دیگر میڈیا اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ بھی اس مثبت روایت کو اپنائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت جہاں کھیلوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کر رہی ہے وہاں سپورٹس جرنلزم کی حوصلہ افزائی بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، حکومت پاکستان اور وزارت اطلاعات سپورٹس جرنلسٹس کو ہر ممکن معاونت یا سہولت فراہم کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو فخر ہے کہ ہم سبز ہلالی پرچم کے سائے میں ایسی قوم سے وابستہ ہیں جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور دنیا تک یہ پیغام پہنچانے میں آپ جیسے باخبر، مخلص اور محنتی صحافی ہی اصل سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں وہاں کھیلوں کی صحافت کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران سپورٹس جرنلزم کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔