لاہور۔10فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سپیشل افرادکیلئے معاون آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سپیشل افراد کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے منفرد پروگرام کے تحت سپیشل افراد کو آلات کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں نقل و حمل کی صلاحیت سے محروم سپیشل افراد کوویل چیئر مفت فراہم کی جائے گی۔
ویل چیئر کی فراہمی سے سپیشل افرادکی نقل و حرکت اور رسائی میں آسانی ہوگی۔ سماعت سے محروم افراد کوخصوصی آلہ سماعت فراہم کیاجائے گا۔آلہ سماعت فراہم کرنے سے سپیشل افراد کی قوت سماعت اور قوت گویائی میں اضافہ ممکن ہوگا۔ معاون آلات کے لئے گھر بیٹھے آن لائن پورٹل adwc.punjab.gov.pk پر اپلائی کیا جاسکتاہے۔ معذور افرادکا شناختی کارڈ یا بے فارم اور ڈسٹرکٹ ڈس ابیلٹی اسسمنٹ بورڈ کا جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔
سپیشل افرادمتعلقہ اضلاع میں ضلعی دفاتر سوشل ویلفیئر سے بھی رہنمائی حاصل اورمزید رسائی کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 1312 پر بھی کال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد بہت سپیشل اورقابل قدر ہوتے ہیں۔ سپیشل افرادکی بحالی اور بہتری کا عہد ضرور پورا کریں گے۔
سپیشل افرادکیلئے پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سنٹرپراجیکٹ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ہمت کارڈ کے اجرا کا مقصد سپیشل افراد کومعاشی خود انحصاری کی طرف گامزن کرناہے۔