ابوظہبی۔ 22 مارچ (اے پی پی) سپیشل اولمپکس ورلڈ سمر گیمز 2019ءاختتام پذیر ہو گئے، پاکستانی ایتھلیٹس نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، پاکستان نے 18 طلائی، 28 چاندی اور 15 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 61 تمغے اپنے نام کئے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل اولمپکس گیمز رنگارنگ تقریب کے ساتھ ابوظہبی میں اختتام پذیر ہو گئے، میگا گیمز میں 190 ممالک سے 7 ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے 24 مختلف کھیلوں کے ایونٹس میں حصہ لیا۔ 92 پاکستانی ایتھلیٹس نے بھی دل کھول کر گیمز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور خوش آئند بات یہ کہ تمام ایتھلیٹس نے پوزیشنز حاصل کیں لیکن بعض میڈلز جیتنے میں ناکام رہے، گرین شرٹس نے گیمز میں 18 طلائی، 28 چاندی اور 15 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 61 تمغے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستانی ایتھلیٹ شمائیلہ رباب نے 200 میٹر دوڑ، حور مشتاق نے 1500 میٹر دوڑ، حور مشتاق، نعمان ریاض، عمار شاہد اور زوہیب شاہد نے 4×100 میٹر ریلے، عمار شاہد نے ہائی جمپ، فرزانہ رحمت نے شاٹ پٹ اور لانگ جمپ، عنبر اخلاق نے 3000 میٹر دوڑ، ثمرین فضل نے 500 میٹر سائیکل ریس، مہام زہرہ 2 کلومیٹر سائیکلنگ ایونٹ، عمران غفار 2 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر سائیکلنگ ایونٹس، مینز فٹ بال سیون اے سائیڈ اور عمران عارف نے پاور لفٹنگ، ساجدہ بی بی اور فیصل خان نے ٹینس ٹورنامنٹ میں سنگلز، ساجدہ بی بی اور ایرج نے ڈبلز، حنا عارف اور نمرا طارق، محمد انس اور محمد فراز نے بوکے ڈبلز میں طلائی تمغے جیتے۔