لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب مبین الہی کی زیر قیادت صوبہ کے طول و عرض میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف کارروائیوں میں بھرپور مصروف عمل ہے جس کے نتیجے میں سپیشل وائلڈ لائف ریڈ اسکواڈ ڈی جی سائوتھ پنجاب نے ضلع مظفر گڑھ سے نایاب فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث بارہ افراد گرفتار کرکے انہیں ڈیڑھ لاکھ سے زائد جرمانہ کیا جبکہ وائلڈ لائف سٹاف راولپنڈی نے انتھک کوشش کے بعد شہر میں مبینہ گھومنے والا کالا ریچھ بازیاب کرکے عدالتی حکم پر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے حوالے کردیا۔
تفصیل کےمطابق ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ فشریز ساتھ پنجاب عنصر محمود چٹھہ کی ہدایت پر سپیشل ریڈ اسکواڈ نے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف محمد نواز بھٹہ ی سربراہی میں وائلڈ لائف انسپکٹر محمد الطاف، محمد اقبال، حسین رضا شاہ اور وائلڈ لائف واچر نور محمد کے ہمراہ تھانہ رنگپور ضلع مظفر گڑھ سے نایاب فالکن کے شکار میں مشغول بارہ افراد پر مشتمل دو الگ شکار پارٹیوں کو موقع پر سے گرفتار کرکے مال مقدمہ برآمد کرلیا اور ملزمان کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا تاہم ملزمان کی جانب سے کیس کمپائونڈ کرنیکی درخواست پر تمام ملزمان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 62 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا۔
اسی طرح کی ایک دیگر کامیاب کارروائی جس میں شہری علاقہ میں کالے ریچھ کے گھومنے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن احسان احمد راجہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی رضوانہ عزیز کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے انتھک کوشش کے بعد مبینہ ریچھ کا سراغ لگا لیا اور مقامی پولیس کے تعاون سے ریچھ کے مالک کے گھر چھاپہ مارا اور ریچھ بازیاب کرلیا جبکہ مالک جو اسوقت گھر سے غائب تھا کو بھی رات کو تلاش کرکے اعانت کار سمیت گرفتار کر کے مقامی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ریچھ کو اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا جبکہ ملزم کو دس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387061