اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):سپین کے شہر بارسلونا میں استحکامِ پاکستان اوورسیز فورم سپین چیپٹر کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے یوم پاکستان سیمینار مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا،جس میں پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ریلی بھی نکالی گئی ۔
پیر کو موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ریلی کی قیادت استحکامِ پاکستان اوورسیز فورم کے بانی و صدر شہزادہ عثمان طاہر نے کی۔ اس موقع پریورپ میں کشمیری رہنما سردار صدیق خان،آئی پی او ایف بیلجیئم کے صدر راجہ محمد خالد اورفرید خان پروگرام کے مہمان خصوصی تھے جو بیلجیم سے خصوصی طور پر بارسلونا تشریف لائے تھے۔ ریلی میں اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور ’’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد ‘‘کے نعرے گونجتے رہے ۔
ریلی کے بعد سیمینار کا آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا ۔ تلاوت کلام پاک کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا ۔مقررین نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔مقررین میں عثمان غنی چیمہ، حاجی شیر خان ، سفیر بھٹی ، اکمل بٹ ، بابا گجر،چوہدری محمد نعیم نواز،چوہدری اشتیاق حسین،چوہدری امجد اور دیگر لوگ شامل تھے ۔اس موقع پر سیمینار کے شرکا نے مارچ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 کومینارِ پاکستان کے سائے تلےآزاد پاکستان کا خواب دیکھا گیا۔
یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، قربانی اور عزم کے بغیر منزل حاصل نہیں ہوتی۔ آج بھی پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے لیکن ہماری بہادر افواج ملک کی حفاظت میں مصروفِ عمل ہیں۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ہمیں چاہیے کہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں، اپنے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔سردار صدیق خان ،راجہ محمد خالد اور فرید خان نے کہا کہ آج 23 مارچ کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا قیام اتحاد، قربانی اور عزم کا نتیجہ ہے۔
آج بھی پاکستان کو اندرونی و بیرونی سازشوں کا سامنا ہے لیکن ہماری مسلح افواج ملک کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دے رہی ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ ہماری خودمختاری اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہوں اور پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دیں۔
اس موقع پر بانی و صدر استحکام پاکستان اوورسیز فورم شہزادہ عثمان طاہر نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ وطن عزیز کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور پاکستان کی خوشحالی خود مختاری مضبوط دفاع کے لیے اپنی ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہمارا ملک قائم ہے، اس وقت پاکستان کو ہماری ضرورت ہے ہمارا جینا مرنا ہمارے ملک کے ساتھ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہی استحکام پاکستان اوورسیز فورم کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ جلد سپین، سویڈن، بیلجیم کی طرح یورپ میں بھی استحکام پاکستان اوورسیز فارم تنظیم میں بنائی جائے گی اور سیمینار منعقد کروائے جائیں گے۔پروگرام کے آخر میں چیف کوارڈینیٹر حاجی شیر خان نے ملک و ملت کے لیے دعا کرائی اور پھرروزہ افطار کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575852