میڈرڈ ۔9نومبر (اے پی پی):سپین نے اسرائیل کو اسلحہ اور فوجی سامان لے جانے والے دو مشتبہ جہازوں کو اپنی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق اسپین کی اقلیتی حکومت کے چھوٹے اتحادی سمار اتحاد کے رکن پارلیمنٹ اور یوبائیں بازو کے اتحاد (آئی یو) کے سربراہ انریک سینتیاگو کی 5 نومبر کو دفتر استغاثہ میں جمع کردہ درخواست کے بعد ہسپانوی حکومت نے امریکا کے نیویارک شہر کی بندرگاہ سے روانہ ہونے والے اور مبینہ طور پر اسرائیل کو فراہمی کے لیئے اسلحہ اور فوجی سامان سے لدے دو بحری جہازوں کو ہسپانوی سمندری حدود میں رکنے سے منع کر دیا گیا۔
ہسپانوی میڈیا میں شائع ہونے والی اور امور خارجہ کے ذرائع کی تصدیق شدہ خبروں کے مطابق، "میرسک ڈینور” اور "میرسک سیلیٹر” نامی جہاز 31 اکتوبر اور 4 نومبر کو نیویارک سے روانہ ہوئے تھے جنہوں نے روانگی سے قبل 9 اور 15 اکتوبر کو اسپین کی جنوبی بندرگاہ الجیسیراس میں لنگر انداز ہونے کی درخواست کی تھی ۔
خبروں میں ہسپانوی حکومتی حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ جہاز اسپین میں لنگر انداز نہیں ہوں گے ۔اسپین کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل کے فلسطین پر حملوں کے آغاز کے بعد سے اسرائیل کو اسلحہ اور فوجی سامان کی فروخت روک دی گئی ہے۔