میڈرڈ۔6فروری (اے پی پی):سپین کے دارلحکومت میڈرڈ میں پاکستانی تارکین وطن نے یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر میڈرڈ سٹی سینٹر میں ایک پرامن مظاہرے کا اہتمام کیا گیا تاکہ بھارتی جبر کے خلاف کشمیری کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا جا سکے۔
شرکانے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے میں شریک تارکین وطن پاکستانیوں نے مقامی لوگوں کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو ان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ بنیادی حق ، حق خود ارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے اور بھارت یہ حق مانگنے کی پاداش میں ان پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔
مظاہرین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔